جہلم شہر کے بااثر دکانداروں نے 40 فٹ کشاد ہ بازاروں ،سڑکوں پر غیر قانونی قبضے کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرلیں، عدالتی احکامات کے باوجود بھی سڑکوں، چوک چوراہوں، بازاروں میں انسداد تجاوزات آپریشن التوا کا شکار ، سیاسی مداخلت عدالتی احکامات پر بھاری چیف آفیسر میونسپل کمیٹی تجاوزات کیخلاف انسداد ی کارروائیوں سے گریزاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے کشادہ بازاروں، سڑکوں پر بااثر دکانداروں نے غیر قانونی قبضے کر کے ریاستی رٹ اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کررکھا ہے ، سرکاری سڑکوں، بازاروں چوک چوراہوں میں غیر قانونی تجاوزات کے سبب شہریوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے ،ٹریفک کی آمد و رفت کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،انسداد تجاوزات سروے بھی ردی کی ٹوکری کی نظر ہو کر رہ گیا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ، شاندار چوک، روہتاس روڈ چوک ، قبرستان چوک ، محمدی چوک سمیت بازاروں میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران کو احکامات جاری کریں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کے ذمہ داران کو روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں ریڑھی بانوں کا سامان سرکاری تحویل میں لیا جائے تاکہ شہر کے بازار اور سڑکیں قبضہ مافیا سے واگزار ہو سکیں اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


