جہلم: قربانی کے ایام کی آمد کے پیش نظر صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن کی جانب سے شہریوں میں خصوصی شاپنگ بیگز تقسیم کیے گئے۔
یہ اقدام ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لایا گیا۔ ان بیگز کا مقصد قربانی کی الائشوں کو منظم طریقے سے اکٹھا کرنا اور انہیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی برقرار رکھی جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمٰن نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں کے گھروں میں جاکر خود الائشوں کے لیے مخصوص شاپنگ بیگز تقسیم کیے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے بعد جانوروں کی باقیات کو ان بیگز میں ڈال کر اپنے گھروں کے باہر رکھیں تاکہ صفائی کا عمل آسان اور مؤثر ہو سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر کو صاف رکھنا صرف ضلعی انتظامیہ ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ ان الائشوں کو مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگائے گا تاکہ گندگی، تعفن اور بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔


