سوہاوہ: زیادتی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر مجرم کو عمر قید اور 14 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں عدالت نے زیادتی کے مقدمہ نمبر 229/25 بجرم 376(iii) اور 367-A تھانہ سوہاوہ کا فیصلہ سنا دیا۔
مجرم محمد اشتیاق نے سال 2025 میں زیادتی کے سنگین جرم کا ارتکاب کیا تھا۔ معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376(iii) کے تحت عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دفعہ 367-A کے تحت 14 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔
عدالتی فیصلے میں اس امر کو مدنظر رکھا گیا کہ جہلم پولیس نے مجرم کو جدید تفتیشی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ٹریس کر کے گرفتار کیا، ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا اور مقدمے کی بھرپور اور موثر پیروی کی، جس کے نتیجے میں معزز عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے گھناؤنے جرائم ناقابلِ برداشت ہیں اور ایسے مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم نے مقدمے کی کامیاب پیروی پر انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش، تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات دینے کا بھی اعلان کیا۔


