دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے پولیس تھانہ دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس کا مقصد عوام کو براہ راست پولیس تک رسائی فراہم کرنا اور ان کے مسائل سن کر فوری حل نکالنا تھا۔ کھلی کچہری میں مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں کی شکایات، تجاویز اور مسائل کو نہایت تحمل سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پولیس صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ عوام کی خدمت، تحفظ اور اعتماد کا امین بھی ہے۔ کھلی کچہری کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس میں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کرے۔
ڈی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع جہلم میں قانون کی بالادستی، انصاف کی بروقت فراہمی اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم کی زیر صدارت تھانہ دینہ میں تفتیشی افسران کے ساتھ اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ڈی پی او صدر، ایس ایچ او تھانہ دینہ اور تمام تفتیشی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام زیرِ تفتیش مقدمات اور نامکمل چالانز زیر بحث آئے۔ ڈی پی او نے ہدایت کی کہ پراسیکیوشن کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر مقدمات کی بروقت یکسوئی اور عدالتوں میں ترسیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کے چالان عدالتی مدت 14 دن کے اندر جمع کروائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے رپورٹ ہائے 173 ض ف کی بروقت عدالتوں میں ترسیل نہایت ضروری ہے، جبکہ تفتیش کے دوران ریکارڈ کی تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔
ڈی پی او نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ جات میں ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگز منعقد کریں اور زیر التواء روڈ سرٹیفکیٹس کی جلد یکسوئی کو یقینی بنائیں۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ تمام تھانہ جات اور سرکل افسران کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی پر بازپرس کی جائے گی۔


