سوہاوہ: میاں نواز شریف کی پاکستان آمد پر سوہاوہ سے سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ محمد اویس خالد کی قیادت میں کارکنان نے لاہور جلسے میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کی پاکستان آمد کے حوالے سے پورے پاکستان سے لوگوں نے ریلیوں کی صورت میں لاہور جلسہ گاہ میں شرکت کی۔ اسی حوالے سے سوہاوہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سابق ایم پی اے راجہ محمد اویس خالد خان نے بھی سینکڑوں کارکنان کے ساتھ لاہور جلسے میں شرکت کی اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو خوش آمدید کہا۔
جلسہ میں شرکت سے قبل راجہ محمد اویس خالد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل سوہاوہ کے لوگوں نے آج یہاں جمع ہو کر ثابت کر دیا کہ اگلا الیکشن پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کا ہے اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوہاوہ تحصیل بھر سے اور تمام یونین کونسل سے لوگوں نے اپنی شرکت کو یقینی بنا کر تاریخ رقم کر دی، تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے اور آج سچ اور حق عوام کے سامنے ہے۔