دینہ: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو فرار ہونے میں مدد فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ملزم نے سال 2023 سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو بھاگنے میں معاونت فراہم کی تھی، جس پر ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اشتہاری مجرم کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


