جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے پیرا فورس کے ہمراہ فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور قیمتوں، صفائی ستھرائی، تجاوزات اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران مختلف پھلوں کی دستیابی، معیار اور سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت کے عمل کا معائنہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے منڈی میں موجود آڑھتیوں اور دکانداروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ ناموں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صارفین سے کسی صورت زائد قیمت وصول نہ کی جائے۔
آفتاب اشرف نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر پیرا فورس کی ٹیموں نے فروٹ منڈی میں مارکیٹ ڈسپلن، تجاوزات اور نرخ ناموں کی پابندی کا بھی جائزہ لیا۔ سرکاری نرخ ناموں کی نمایاں آویزاں، عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو چیک کیا گیا جبکہ خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے فروٹ منڈی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ منڈی میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ خریداروں اور تاجروں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران، مارکیٹ کمیٹی اور پیرا فورس کو ہدایت کی کہ قیمتوں، صفائی، تجاوزات اور دیگر انتظامی امور کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جا سکے۔


