سوہاوہ: تحصیل بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ کی شاندار کامیابی پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ محمد اویس خالد اور سیاسی و سماجی شخصیت راجہ تنویر پنوار نے تحصیل بار سوہاوہ کا خصوصی دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے نو منتخب عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر نو منتخب ٹیم کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے گئے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے راجہ محمد اویس خالد نے کہا کہ پروفیشنل گروپ کی یہ فتح بہترین حکمت عملی اور مضبوط ٹیم ورک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وکلا برادری نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، امید ہے نو منتخب قیادت اس پر پورا اترے گی۔
انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور نو منتخب عہدیداران وکلا کو درپیش مسائل کے حل، فلاح و بہبود اور ادارے کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
راجہ تنویر پنوار نے بھی نو منتخب باڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری اور وکلا کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دونوں ادارے مل کر مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔


