جہلم/ مری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جہلم سے تعلق رکھنے والے صوبائی مشیر صحت میجر جنرل (ریٹائرڈ) اظہر محمود کیانی نے گلیات میں ملاقات کی، ملاقات میں صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشیر صحت اظہر محمود کیانی نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کے لیے سفارشات پیش کیں، ملاقات میں ہیلتھ پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت کا شعبہ میرے دل کے بہت قریب ہے، صحت کے شعبے میں انقلاب لانے کا تہیہ کر لیا ہے۔ تمام مراکز صحت، ٹی ایچ کیو اور ٹرشری ہسپتالوں کی اپگریڈیشن پر کام شروع کر دیا ہے۔ دل کے امراض،ٹی بی، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی خوشی ہوئی جب ایک خاتون نے مجھے گھر ڈلیور ہونے والی دل کی ادوایات دکھائی۔ فیلڈ ہاسپٹلز اور کلینک آن ویلز کا منصوبہ کامیاب ترین منصوبوں میں سے ایک ہے،چند ہفتوں میں 12 لاکھ افراد کا ان کی دہلیز پر علاج ہوا ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ فیلڈ ہسپتالوں میں مفت ادویات کے ساتھ ایکسرے،فری لیب ٹیسٹ اور ای سی جی موجود ہے،500 مزید کلینک آن ویلزکا اضافہ کررہے ہیں۔ جہاں پر ڈاکٹرز موجود نہیں،وہاں ڈاکٹرز کو بھیجنے کے لیے مراعات دے رہے ہیں،دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ سابق دور میں جو دوائیاں ہسپتالوں میں بند کر دی گئی تھیں،دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں اور لوگوں کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔ فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بتدریج دیگر اضلاع تک وسیع کیا جائیگا،ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بننے سے دیہات کے مکینوں کو شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ موجودہ ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر عوام دوست بنانا ضروری ہے،موجودہ سسٹم کی بحالی اور ری سٹرکچرنگ کی جائیگی،میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں جدید ریسرچ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ پنجاب کے ہر شہری کے لئے صحت کی بہترین سہولیات تک رسائی فراہم کرناہمارا عزم ہے۔


