جہلم: حکومت پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں کی مؤثر تشہیر اور شہریوں تک ان کے فوائد پہنچانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان کی زیر صدارت نمبرداران کا خصوصی آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔
سیمینار میں ضلع کی مختلف تحصیلوں کے نمبرداران، محکمہ مال، ریونیو، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
سیمینار کے دوران شرکاء کو گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ، پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) اور ضلع بھر میں جاری دیگر حکومتی فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متعارف کرایا گیا گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ روایتی لینڈ ریکارڈ کے نظام کو جدید، محفوظ اور مکمل ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں خسرہ، کھیوٹ، کھتونی، فردِ ملکیت، فردِ انتقال، شجرہ اور دیگر کاغذی ریکارڈ پر انحصار کیا جاتا تھا، جس کے باعث جعلسازی، ریکارڈ میں ردوبدل، دستاویزات کے ضائع ہونے اور ملکیتی تنازعات جیسے مسائل جنم لیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے جائیداد سے متعلق تمام بنیادی معلومات ایک محفوظ ڈیجیٹل دستاویز کی صورت میں دستیاب ہوں گی، جس سے ریکارڈ کی تصدیق آسان، جعلی دستاویزات اور دوہری فروخت کی روک تھام ممکن ہوگی، جبکہ خرید و فروخت اور انتقالِ ملکیت کا پورا عمل مزید شفاف، تیز رفتار اور قابلِ اعتماد بن جائے گا۔
سیمینار میں پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) کے حوالے سے بھی شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ بتایا گیا کہ PSER حکومت پنجاب کا ایک جامع ڈیجیٹل سروے اور ڈیٹا بیس ہے، جس کے ذریعے مستحق اور کم آمدن والے خاندانوں کی سماجی و معاشی معلومات مرتب کی جاتی ہیں تاکہ انہیں مختلف حکومتی فلاحی پروگراموں، مالی معاونت، صحت، تعلیم، روزگار اور سماجی تحفظ کی سہولیات شفاف اور مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
اس کے علاوہ ضلع بھر میں جاری دیگر ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور شرکاء کو ان منصوبوں کی افادیت سے آگاہ کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے نمبرداران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی یونین کونسلوں میں حکومت پنجاب کے تمام عوامی فلاحی منصوبوں، بالخصوص گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم چلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نمبردار حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطے کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی حکومتی منصوبوں کی کامیابی اور عوامی اعتماد کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔


