جہلم کے علاقے ڈھوک فردوس میں معمولی جھگڑے پر دوست نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دوست کی جان لے لی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا.
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھوک فردوس میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک دوست نے معمولی جھگڑے پر اپنے ہی دوست کو گولیوں سے چھلنی کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقتول عبداللہ اور ملزم ولید کے درمیان چند روز قبل کسی معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی جو بعد ازاں جان لیوا دشمنی میں تبدیل ہوگئی۔
مقتول عبداللہ جیسے ہی گھر سے باہر نکلا تو گھات لگائے ملزم ولید نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کا راستہ روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ قاتل اور اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کر لئے، پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او چوہدری عمران نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ہی 19 سالہ دوست کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم ولید نے پولیس کو ابتدائی بیان میں قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ معمولی تلخ کلامی پر جھگڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ ملزم ولید اور مقتول آپس میں گہرے دوست تھے اور ایک ہی علاقے میں رہائش پذیر تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
@jhelumupdatespk جہلم میں معمولی جھگڑے پر دوست نے دوست کی جان لے لی، ملزم گرفتار #Jhelum #JhelumUpdates #foryoupage❤️❤️ #pageforyou #Pakistan #PakistanNews #Punjab #جہلم #News #crime #Crimenews ♬ original sound – Jhelum Updates


