جہلم: گرمی کی شدت کے باعث شہر اور مضافاتی علاقوں میں ملٹی نیشنل برانڈ کے جعلی جوس ، منرل واٹر، ریڑھیوں پر خود ساختہ سکرین ملے مضر صحت مشروبات کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری، ہر دوسرا دکاندار ملٹی نیشنل برانڈ کے ناموں سے ملتے جلتے ناموں کے جعلی جوسسز ، منرل واٹر ، ریڑھیوں پر سکرین ملا مضر صحت گنے کا رس ، املی آلو بخارا و دیگر مشروبات کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ غیر معیاری مضر صحت مشروبات کے استعمال سے شہریوں میں موذی امراض پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی اندورن شہرسمیت ملحقہ علاقوں کی سڑکوں جن میں چک دولت روڈ، سنگھوئی چوٹالہ روڈ، کالا گجراں روڈ، بگا سعیلہ روڈسمیت شہر کی سڑکوں جن میں سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، مشین محلہ روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، ٹاہلیا نوالہ روڈ اور چوک چوراہوں، شاندار چوک، چوک گنبد والی مسجد، قبرستان چوک، محمدی چوک، کچہری چوک ،جادہ چوک و دیگر مضافاتی علاقوں میں پینے کے صاف پانی ، مشروبات کی طلب بڑھنے سے جعلسازوں کی چاندی ہو گئی ہے۔
دکانداروں نے ملٹی نیشنل برانڈ سے ملتے جلتے ناموں سے جعلی منرل واٹر، جوسسز، کولڈ ڈرنکس اور مشروبات کی بڑے پیمانے پر سر عام فروخت شروع کر رکھی ہے ، شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں ریڑھی بان اور لوڈر رکشہ مالکان سر عام جعلی جوسسز، مشروبات ، کولڈ ڈرنکس، سوڈا واٹر، لیمن سوڈا کی فروخت کر کے جہاں شہریوں کو بیماریوں کے منہ میں دھکیل رہے ہیں۔
بعض افراد جگہ جگہ لگائی ریڑھیوں پر اسکرین ملا گنے کا رس ،املی آلو بخارے کا شربت، حکیمی شربت وغیرہ جو کہ سراسر مضر صحت ہوتے ہیں شہریوں میں فروخت کر کے آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں جبکہ شہری مضر صحت جوس، مشروبات کے استعمال سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔


