جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اپنے ایک بیان میں شہر اور گردونواح میں پلاسٹک شاپرز کی بہتات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے تحاشا پلاسٹک کے استعمال نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اندرون شہر اور مضافاتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر میں پلاسٹک شاپر عام نظر آتے ہیں، جنہیں چرند و پرند اور جانور کھانے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے وہ بیمار ہو کر مر جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ، پلاسٹک شاپرز نکاسی آب کے نظام کو بھی متاثر کر رہے ہیں، جس سے سیوریج کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔
سید خلیل حسین کاظمی نے میونسپل کمیٹی (ایم سی) جہلم سے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں استعمال شدہ پلاسٹک شاپرز کو تلف کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ جگہ جگہ خصوصی ٹوکریاں نصب کی جائیں تاکہ عوام ان میں پلاسٹک شاپرز ڈال سکیں، اس سے صفائی کا نظام بہتر ہوگا اور سڑکوں پر گندگی کم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم سی جہلم کو چاہیے کہ وہ پلاسٹک شاپرز کو ٹھکانے لگانے کے لیے جدید اور مؤثر طریقے اپنائے تاکہ شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے اور عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول میسر آئے۔


