پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں باؤلے کتے نے 2 سالہ بچے کو نوچ لیا، بچے کو شدید زخمی حالت میں راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان کے نواحی گاؤں سوڈی گجر میں گزشتہ روز ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر کے باہر کھیلنے والے 2 سالہ بچے کو باولے کتے نے نوچ لیا۔
کتے نے 2 سالہ بچے کے چہرے کو بری طرح کاٹ لیا جس سے بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ بچے کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا گیا لیکن بچے کا چہرہ بری طرح زخمی اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں گاؤں میں موجود ہیں. ڈھوک لال شاہ میں ایک آوارہ کتے کو مارا گیا ہے جبکہ سوڈی گجر میں باؤلے کتے کی تلاش جاری ہے.
کچھ روز قبل بھی پنڈدادنخان کے مختلف علاقوں میں باؤلے کتے نے دو بچوں کو کاٹ لیا تھا۔ سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے غیر معمولی واقعات کی وجہ سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے آوارہ کتوں کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔


