جہلم: کرسمس کی چھٹیوں کی وجہ سے اندرون شہر کے گلی محلوں کی صفائی کا نظام متاثر ہوگیا ہے۔ میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز کرسمس کی چھٹیوں پر ہیں، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔
گٹروں سے نکلنے والے سیوریج کے پانی کی وجہ سے نمازیوں اور خواتین کا گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔ شہر کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔ جادہ کے مقام پر سیوریج کے گندے پانی کو کھینچنے والے انجن کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر مسمار کردیا گیا، جس کی وجہ سے محلہ مجاہد آباد اور مخدوم آباد کے گھروں کے گٹروں کا گندا پانی گلیوں اور محلوں میں جمع ہو چکا ہے۔
اہلیان محلہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کو کرسمس کی چھٹیوں سے قبل متبادل عملے کا انتظام کرنا چاہیے تھا تاکہ صفائی کے نظام میں خلل نہ آتا۔ تاہم اس دفعہ میونسپل کمیٹی نے صفائی کے لیے متبادل اہلکاروں کا انتظام نہ کر کے شہر کے گلی محلوں کو آلودہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔


