دینہ: گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر دینہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے خشک راشن اور بچوں کے لیے دودھ سمیت دیگر ضروری اشیاء الخدمت فاؤنڈیشن دینہ کے سپرد کی گئیں۔
یہ امدادی سامان صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم حبیب رضا بٹ نے اپنی نگرانی میں وصول کیا، جو گجرات کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم حبیب رضا بٹ کے ساتھ چوہدری فیصل فاروق، ابرار نجیب گجر، اسپیشل ایجوکیشن سنٹر دینہ کی اساتذہ اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ امدادی سامان میں بچوں کے لیے دودھ، بسکٹ، چاکلیٹیں اور خشک راشن شامل تھا۔
اس موقع پر حبیب رضا بٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اسپیشل ایجوکیشن سنٹر دینہ کے شکر گزار ہے کہ انہوں نے اپنے محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کے لیے امداد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ اس سکول کے طلبہ و طالبات اگرچہ خصوصی بچے ہیں مگر ان کے دل دوسروں کے درد سے خالی نہیں، بلکہ انہوں نے بڑھ چڑھ کر سیلاب زدگان کی مدد میں حصہ لیا ہے۔
حبیب رضا بٹ کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اس امدادی سامان کو گجرات کے سیلاب متاثرہ خاندانوں تک پہنچانے کو یقینی بنائے گی تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے دکھوں کو بانٹا جا سکے۔


