جہلم: بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کارکنان عمران خان کے سپاہی ہیں جو جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوامی حقوق اور جمہوری اقدار کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے 26 ایم پی ایز کو معطل کیا جانا ایک غیرجمہوری اقدام ہے، جس کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آج لاہور میں اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر سلطان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ایک دن آئے گا جب عمران خان اور بشریٰ بی بی رہا ہوں گے، ملک میں حقیقی جمہوریت بحال ہو گی اور عمران خان دوبارہ وزیر اعظم ہوں گے۔” انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کوششیں عوامی حمایت کے سامنے نہیں ٹھہر سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "پی ٹی آئی کوئی گوریلا جماعت نہیں بلکہ ہم ایک جمہوری سیاسی پارٹی ہیں جو آئینی حدود میں رہتے ہوئے جلسے، جلوس اور احتجاج کا حق رکھتی ہے۔”
بیرسٹر گوہر سلطان نے کہا کہ پنجاب کا دل لاہور ہے اور اس وقت پنجاب سے سب سے زیادہ پارلیمنٹیئر تحریک انصاف سے تعلق رکھتے ہیں، یہی ہماری عوامی مقبولیت اور سچائی کا ثبوت ہے۔


