دبئی: ڈیلسنز گروپ کے ایک وفد اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں مقیم فنٹیک کمپنیوں کے نمائندوں نے ابوظہبی میں پاکستان کے سفارت خانے میں ایک نیٹ ورکنگ ڈنر کی میزبانی کی، وفد میں مختلف فنٹیک کے 30 سے زائد نمائندے شامل تھے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے ریمارکس میں آئی ٹی کے شعبے میں خاص طور پر پاکستانی نوجوانوں میں پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دورہ کرنے والے وفد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں اپنے قدم جمانے کے لیے مختلف فن ٹیک سیمینارز میں شرکت کریں۔
فیصل نیاز ترمذی نے ڈیلسنز گروپ کے چیئرمین جناب ابراہیم امین اور ڈیلسنز گروپ کے سی ای او جناب طفیل احمد کو دبئی میں آئندہ "ریمٹ لنک” کانفرنس کے انعقاد پر بھی سراہا۔
انہوں نے مندوبین کو سفارت خانہ کی جانب سے ان کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا، وفد نے پرتپاک مہمان نوازی اور قابل قدر تعاون پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔


