جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے اپنے دورہ جہلم کے دوران تحصیل روڈ اور مین بازار کا تفصیلی جائزہ لیا، جہاں انہوں نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے حکام نے کمشنر کو آپریشن کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس آپریشن کو بغیر کسی روکاوٹ کے جاری رکھے اور شہر کو خوبصورت اور وسیع بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجاوزات مافیا کو کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔
دورے کے دوران صدر تاجران تحصیل روڈ راجہ اکرم نے کمشنر سے ملاقات کی اور بتایا کہ تمام تاجر اس آپریشن سے مطمئن ہیں اور میونسپل کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔
کمشنر نے اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث ہیں بلکہ کاروباری مراکز بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راستے کھلے ہونے سے شہریوں کی رسائی آسان ہو گی اور وہ بہتر خریداری کر سکیں گے، تاہم ضلعی انتظامیہ کسی کا نقصان نہیں چاہتی مگر قانون کی راہ میں روکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر نے اس موقع پر مین بازار میں سیوریج کے کام کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اس کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور تاجروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔


