جہلم: رحمت اللعالمین، خاتم النبیین رسول کریم ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن ملک بھرکی طرح ضلع جہلم میں بھی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جہلم سمیت ملک بھر کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا جبکہ درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا گیا جبکہ فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔
علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔
جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹے بڑے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس برآمد ہوئے۔ جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے ضلع جہلم کے مختلف علاقوں میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے جہلم میں جاری جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم نے منتظمین اور شرکاء سے بھی ملاقات کی اور جلوسوں اور محافل کی سیکورٹی کے حوالے سے مناسب ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او جہلم نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے آقائے نامدار ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ پوری کائنات کے لیے رحمت العالمین بن کر تشریف لائے، نبی آخر الزماں ﷺ نے امن، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیا جس پر عمل پیرا ہو کر دین و دنیا کو سنوارا جا سکتا ہے۔


