جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ہسپتال میں صفائی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش پائی گئی، تاہم جہاں معمولی خامیاں سامنے آئیں، انہیں فوری طور پر دور کیا گیا۔ ہسپتال کی عمارت کی مناسب دیکھ بھال کے لیے فرش اور دیواروں پر متاثرہ ٹائلوں کی مرمت کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے عملے کی حاضری کا جائزہ لیا، جو ڈیوٹی روسٹر کے مطابق پائی گئی۔ اس کے علاوہ فارمیسی میں ادویات کی درجہ بندی، ترتیب اور دیگر انتظامات کا معائنہ بھی کیا گیا، جو تسلی بخش رہے۔
ہسپتال میں ماہر امراضِ نسواں کی دستیابی سے متعلق مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات کے مطابق ویمن میڈیکل آفیسرز کو اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے، تاکہ مریضوں کو امراضِ نسواں سے متعلق طبی سہولیات کی فراہمی میں تعطل نہ آئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے انتظامی امور اور طبی خدمات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔
ماہم مشتاق نے مریضوں سے براہِ راست گفتگو کی اور علاج معالجے کے معیار، دستیاب طبی سہولیات اور ہسپتال کے مجموعی انتظامات کے بارے میں ان کی رائے معلوم کی، جو تسلی بخش رہی۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار، عمارت کی دیکھ بھال، فارمیسی کے انتظامات اور طبی سہولیات کی دستیابی کو مسلسل بہتر رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو معیاری علاج معالجے اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔


