دینہ میں ماحول تبدیل ہوتا نظر آئے گا انتظامیہ سے مل کر غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کریں گے اور منگلا روڈ کی ٹریفک کو مکمل طور پر بحال کریں گے۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے پلان تیار کر رہے ہیں، نفری کو بھی پورا کریں گے اور منگلا روڈ کا میں خود دورہ کروں گا، ٹریفک کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس آفیسر طارق شفیع نے دینہ پولیس سٹی چوکی میں کھلی کچہری سے عوامی مسائل سنتے ہوئے انہیں بھر پور طریقے سے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے منگلا روڈ پر ٹریفک کے نظام کو بری طرح متاثر ہونے پر شکایات کے انبار لگا دیے۔
ٹریفک پولیس آفیسر جہلم طارق شفیع نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مجھے تعینات ہوئے ابھی چار سے پانچ دن گزرے ہیں، منگلا روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے پلان تیار کر رہے ہیں اور منگلا روڈ پر نفری کی کمی کو بھی پورا کریں گے جبکہ میونسپل کمیٹی دینہ کے تعاون سے تجاوزات کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ہماری ضرورت ہو گی ہم کام کریں گے جہاں میونسپل کمیٹی کی ضرورت ہو گی وہ کام کریں گے، آپ کو کام ہوتا ہوا نظر آئے گا۔ جہلم سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد دینہ کا نمبر بھی تھا، اچھا ہوا آپ نے مجھے بلا لیا۔ آپ کے پاس آ کر میں نے مسائل دیکھے ہیں آنے والے دنوں میں آپ کو دینہ میں ماحول تبدیل ہوتا ہوا نظر آئے گا۔
کھلی کچہری میں ایس ڈی پی او صدر ندیم طارق نے بھی عوامی مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کے لیے بھر پور یقین دلایا ۔


