جہلم: تھانہ کالا گجراں پولیس کی دو بڑی کارروائیاں، شراب فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو الگ الگ کارروائیوں میں شراب فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے۔
پہلی کارروائی میں ایس ایچ او کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے شراب فروش ملزم وکٹر یونس کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 24 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں، جس پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری کارروائی میں پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم عادل فاروق کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد ہوا۔ اس مقدمے میں بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع جہلم کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔


