جہلم میں معمولی جھگڑے پر 54 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ چوٹالہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے نواحی علاقے النگ میں معمولی جھگڑے کے دوران 54 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے مقدمہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
قتل کا یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ ماہ تھانہ چوٹالہ کے علاقے النگ میں پیش آیا تھا، جہاں بچوں کے درمیان ہونے والی معمولی لڑائی بعد ازاں بڑے تصادم میں تبدیل ہو گئی اور ملزم ارشد محمود نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کولیاں خورد کا رہائشی 54 سالہ بس ڈرائیور ذوالفقار حسین عرف بھٹو ولد محمد صادق موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ چوٹالہ پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔
نو تعینات ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب مرکزی ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے، جبکہ واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔


