دینہ: بجلی بلوں میں بے تحاشہ ٹیکس اور مہنگے بجلی بلوں کی وجہ سے دینہ کے علاقہ بوہڑیاں دلیال میں عوام کا احتجاج، بجلی کے بل جلا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کے گاؤں مغل آباد سے شروع ہونے والا احتجاج کے بعد بوہڑیاں دلیال کی عوام بھی بجلی بلوں میں بے جا ٹیکسوں کی وجہ سے سڑکوں پر نکل آئی۔
عوام کی اکثریت نے بجلی کے بل ہاتھ میں اٹھا رکھے تھے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے بوہڑیاں اڈہ پر بجلی کے بل جلا دئیے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہ رہی ہے، آج کے دور میں دو وقت کی روٹی کا حصول نہ ممکن ہو چکا ہے مگر غلط پالیسوں کی وجہ سے بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ کر کے عوام کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج سے بجلی کے بلوں کو آگ لگا کر احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں، حکمران اپنی عیاشیاں کم کریں اور غریبوں کے بارے میں عملی اقدامات اٹھاتے ہو ئے مہنگائی سمیت بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل دینہ کے نواحی علاقہ مغل آباد میں بجلی کے بھاری بلوں پر عوام باہر نکل آئی، شدید احتجاج کرتے ہوئے بلوں کو آگ لگا دی اور اجتماعی طور پر بجلی کے بل جمع نہ کروانے کا اعلان کر دیا تھا۔


