دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اچانک صبح سویرے دینہ پہنچ گئے ، جی ٹی روڈ ، مین بازار میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ، بازار میں ناجائز تجاوزات کو فی الفور ختم کرنے کی ہدایت جاری کیں اور مسافروں سے کرایہ زائد لینے پر گاڑی ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اچانک صبح سویرے دینہ پہنچ گئے اور شہر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے جی ٹی روڈ اور مین بازار کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ناجائز تجاوزات کو فی الفور ختم کرنے کے لیے دوکانداروں کو اپنی حدود میں رہنے کی ہدایت جاری کیں ، کوئی بھی دوکاندار اپنی حدود سے تجاوز کرے گا اس کے خلاف فی الفور کارروائی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ناجائز تجاوزات کو ختم کر نے کے لیے دوکانوں کے آگے نشان لگا کر حد بندی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران دینہ میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر ویگن ڈرائیور کے خلاف کاروائی کا حکم دیا اور آئندہ کے لیے سخت وارننگ جاری کی ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر دینہ انزہ عباسی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے ۔