جہلم: 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ضلعی سیکرٹریٹ انجمن آرائیاں روہتاس روڈ جہلم میں صدر انجمن آرائیاں حاجی حبیب الرحمٰن آرائیں نے پوری قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے، جو قومی اتحاد، عزم و حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کی لازوال داستان اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔
حاجی حبیب الرحمٰن آرائیں نے کہا کہ 1965ء میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے دشمن کے ناپاک عزائم کو اپنے اتحاد، ایمان اور بے مثال جذبۂ حب الوطنی سے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء نے مادرِ وطن کے دفاع، عزت اور سلامتی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ وطن کی حرمت، خودمختاری اور بقا کے لیے پاکستانی قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع صرف ماضی کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ اپنے اسلاف کے عزم کو تازہ کرنے اور وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے نئے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع بھی ہے۔
حاجی حبیب الرحمٰن آرائیں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی بہادر افواج کے ساتھ ساتھ اس کے کروڑوں محبِ وطن عوام بھی ہیں، جو ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد ہی پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کی بنیاد ہے۔
اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، چوہدری عرفان محبوب، معروف قانون دان و جنرل سیکرٹری انجمن آرائیاں چوہدری زاہد یعقوب، چوہدری شجاعت آرائیں، چوہدری محمد ولید آرائیں، چوہدری خالد آرائیں، مشتاق کھوکھر سمیت دیگر رہنما اور شخصیات بھی موجود تھیں۔
شرکاء نے یومِ دفاع کے موقع پر وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


