ہیلی فیکس: پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنما علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی اُموراور بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ کے چیف آرگنائزر و فوکل پرسن برائے اوورسیز پاکستانی و کشمیری آصف نسیم راٹھور نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسرائیل کے گھناؤنے اور نفرت انگیز جرائم پوری دنیا کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام اپنے ہی گھروں میں اپنی ہی سر زمین میں قید ہیں آزادی حق خود ارادیت کی صدائیں بلند کرتے ہوئے زندانوں میں اسیر ، آتش گیر مواد ، بارودکے ڈھیر، بموں اور بندوقوں کے سائے تلے متعصب ترین سفاک جلادوں اور بوچڑوں کے ظُلم کا دفاع کرتے ہوئے آزادی کی امیدیں لگائے ہوئے معصوم بیٹے بیٹیوں کی جانوں اور اپنی نسلوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی مخدوش ترین اور ناگفتہ بہ صورتحال پر ہر ذی شعور اور صاحب دل انسان پریشان و انگشت بدنداں ہے ، اسرائیل کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں پُرتشدد حملے رہائشی عمارتوں ،دکانوں ،سکولوں ، کالجوں ،یونیورسٹیوں کاروباری مراکز اور ہسپتالوں کی تباہی،بچوں، بوڑھوں، عورتوں کا قتل عام دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی اور صہیونی افواج کی طرف سے فلسطینیوں کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا انسانیت سوز عمل ہے
رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے بغیر پائیدار امن خطرے میں رہے گا، مسلمانوں کو چاہئے کہ ہر عالمی فورم پر فلسطینی کاز کے حق میں آواز کو بلند کریں ، ہیومن رائٹ کے علمبرداروں سے کو چاہیئے کہ فلسطینی عوام کو خوراک و ادویات اور ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے فوری کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی قوتوں ، اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل ، یورپی یونین عالمی عدالت انصاف سے اسرائیل کی طرف سے فلسطین پرظلم کی مذمت کرتے ہوئے اپیل کرتے ہیں کہ فلسطین میں فوراًجنگ بند کی جائے۔