سوہاوہ: محفوظ اور باخبر معاشرے کی تشکیل کے لیے ریسکیو 1122 سوہاوہ کی جانب سے یونین کونسل ڈومیلی میں سکاؤٹس کے لیے چار روزہ کمیونٹی ایکشن فار ڈیزاسٹر ریسپانس (CADRE) تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
تربیتی پروگرام کا انعقاد اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا۔ چار روز تک جاری رہنے والے اس خصوصی تربیتی کورس میں علاقے بھر کے نوجوانوں، ریسکیو سکاؤٹس اور رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کو مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے اور انسانی جانوں کو بچانے کے لیے عملی تربیت فراہم کی گئی۔
ٹریننگ کے دوران انچارج کمیونٹی ٹریننگ ونگ کامران علی، انسٹرکٹر عمر صدیق، فرحان ملک اور دیگر ریسکیورز نے شرکاء کو دل اور پھیپھڑوں کی مصنوعی بحالی (CPR)، شدید خون بہنے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد (Bleeding Control)، ہڈی ٹوٹنے کی صورت میں ابتدائی دیکھ بھال، سر کی چوٹ کے علاج، فائر فائٹنگ اور واٹر ریسکیو سمیت مختلف لائف سیونگ ٹیکنیکس کی عملی مشقیں کروائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل انچارج کمیونٹی ٹریننگ ونگ کامران علی نے بانی و سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کے ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 اب "لائف سیونگ” اور "مائنڈ چینجنگ” کے بعد "سیفٹی پروموٹنگ” کے مشن پر کام کر رہا ہے۔ اس مشن کا مقصد معاشرے میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا اور حادثات کی روک تھام کے لیے عوام کو مؤثر تربیت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی کے سفیر بنیں اور اپنے علاقوں میں موجود خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے مقامی سطح پر ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ فرسٹ ایڈ اور ایمرجنسی رسپانس کورسز کی تربیت حاصل کرنے کے لیے ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
تربیتی کورس کے اختتام پر شرکاء نے محفوظ معاشرے کے قیام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ریسکیو رضاکاروں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا اور انہوں نے "ہم ہیں ریسکیو رضاکار”، "ریسکیو 1122 زندہ باد” اور "پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اس قسم کی تربیتی سرگرمیوں کا مقصد عوام کو قدرتی آفات، حادثات اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا اور ایک محفوظ، ذمہ دار اور باخبر معاشرے کی بنیاد رکھنا ہے۔


