جہلم پولیس نے قتل کے سنگین مقدمات میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں تھانہ سوہاوہ اور تھانہ للہ پولیس نے الگ الگ کیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر تھانہ سوہاوہ کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضہ سے 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
اسی طرح تھانہ للِہ پولیس نے بھی اہم کارروائی کے دوران قتل کے ایک مقدمہ میں ملوث ملزم کو دھر لیا۔ ملزم سے بھی 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد ہوا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس ٹیموں کی بروقت اور کامیاب کارروائی قابل تحسین ہے۔


