جہلم کے نواحی علاقہ میں 30 سالہ نوجوان برساتی نالے (نالہ بنہاں) میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقہ دارا پور کے مقام پر 30 سالہ امام حسن سکنہ خلاص پور برساتی نالے (نالہ بنہاں) میں ڈوب گیا، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ امام حسن فیصل آباد سے واپس گھر آ رہا تھا کہ بارش کا پانی نالہ بنہاں سے ڈیول کیرج وے پر آ گیا اور نوجوان سڑک عبور کر نے کی کوشش کرتے ہوئے پاؤں پھسلنے کے باعث برساتی نالے کےپانی میں چلا گیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش کھیتوں سے ملی ہے، ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ للہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبہ میں تاخیر کی وجہ سے قیمتی انسانی جان کا ضیاع ہو ا، یہ منصوبہ لاکھوں افراد کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بنا ہوا ہے۔ ڈیول کیرج وے منصوبہ میں تاخیر لوگوں کے لیے وبال جان بن گیا، لوگوں کو شدید سفری مشکلات کا سامناہے۔ اہل علاقہ شدید سراپا احتجاج اور حکومت وقت سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اس منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جاۓ۔


