پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن جہلم فیصل سلیم نے 9 محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع جہلم کے مختلف مقامات پر جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے مرکزی جلوس پنڈ دادنخان کے روٹ کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ ڈی ایس پی پنڈ دادنخان سرکل اور ایس ایچ او پنڈ دادنخان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی پنڈ دادنخان نے جلوس کے روٹ، داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات اور سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ایس پی فیصل سلیم نے موقع پر موجود افسران کو بلدیہ، واپڈا، سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل سمیت دیگر متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی، تاکہ جلوس کے راستے میں موجود تمام تنصیبات کی پیشگی سویپنگ اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر سکینرز کا استعمال لازمی بنایا جائے، جبکہ جلوس میں شریک ہونے والے افراد کو میٹل ڈیٹیکٹرز سے چیک کرنے کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جلوس کے راستے میں بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن فیصل سلیم نے بعد ازاں تھانہ للِہ کے علاقے سروبہ میں جاری 9 محرم الحرام کے جلوس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران کی حاضری، الرٹ ڈیوٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس ڈی پی او پنڈ دادنخان نے انہیں علاقے کی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا اور تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران ایس پی انویسٹی گیشن نے جلوس کے منتظمین اور شرکاء سے بھی ملاقات کی اور محرم الحرام کے تقدس و حساسیت کے پیش نظر مناسب ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے افسران و جوانوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹیز انجام دیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
ایس پی فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ ضلع جہلم میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


