جہلم: ڈاکٹر علامہ محمد اقبال وہ ہستی ہے کہ جس نے اس جہاں والوں کو خودی، امید، عروج، مشقت، وفا، محبت، توکل اور بہادری جیسی تمام تر صلاحیتیوں کو نہ صرف قلم بند کیا بلکہ اس کو ایک ابھرتی ہوئی قوم کے دلوں میں پیوست بھی کیا اور ایک انقلاب عظیم برپاء کیا جس کی بنا پر ہم اس مملکت خداداد پاکستان کے وجود کو یقینی بنا سکے.
ان خیالات کا اظہار شہر کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے جہلم پریس کلب میں اخبار نویسوں سے علامہ اقبال ڈے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 نومبر بطور یوم پیدائش اقبال ڈے کے طور پر مناتے ہیں۔ علامہ اقبال کی انقلابی شاعری نے نہ صرف برصغیر کے مسمانوں میں ایک ولولہ پیدا کیا بلکہ ارد گرد کے مسلمانوں کے ایمان کو بھی تقویت بخشی۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ علامہ اقبال شاید اپنے لئے ہی کہہ گئے تھے کہ ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا”یوں تو ہر سال 9 نومبر آتا ہے لیکن ہر سال اقبال نہیں آتا اب اس کے لئے ہزاروں سال منتظر رہنا پڑے گا۔
انہوں نے شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے درجات کی بلند ی کے لئے دعا کی اور کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہماری نوجوان نسل کو علامہ ڈاکٹر محمد اقبال جیسا حقیقی شعور عطا فرمائے اور جدو جہد مسلسل کی توفیق عطا فرمائے۔