جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت اور ایم ڈی واسا مقبول سنپال کی زیرِ نگرانی واسا جہلم کی ٹیمیں شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام کی بحالی کے لیے بھرپور انداز میں مصروف عمل ہیں۔ اس مہم کا مقصد سیوریج سے متعلق درپیش مسائل کا فوری ازالہ اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ شہر کی مجموعی صفائی اور ماحول بہتر بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کے ویژن کے مطابق واسا کی خصوصی ٹیمیں مختلف علاقوں میں بند نالوں کی صفائی اور سیوریج لائنوں کی مرمت کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایم ڈی واسا مقبول سنپال کی براہِ راست نگرانی میں جدید مشینری کے ذریعے نکاسی آب کے راستوں سے رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں تاکہ بارش یا دیگر وجوہات کی بنا پر سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو۔
واسا حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ عوامی شکایات پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے اور فیلڈ میں موجود ٹیمیں بروقت کارروائی کریں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور بنیادی سہولیات کی بحالی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ایم ڈی واسا کو تاکید کی کہ نکاسی آب کے نظام کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے اور جہاں کام مکمل ہو چکا ہے وہاں مستقل بحالی کو یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو دیرپا ریلیف مل سکے۔


