سوہاوہ: تھانہ سوہاوہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ ہونے والی 30 سالہ ذہنی معذور خاتون کو ضلع چکوال سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ خاتون کی گمشدگی کے بعد تھانہ سوہاوہ میں اغواء کا مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش جاری تھی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے خاتون کا سراغ لگایا اور اسے ضلع چکوال سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
خاتون کی بحفاظت واپسی پر ان کے لواحقین نے جہلم پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پولیس سے اظہارِ تشکر کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔


