پنڈدادنخان: سانحہ اسلام آباد امام بارگاہ کے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی اور واقعے کے خلاف احتجاج کے طور پر پنڈدادنخان میں ایک پرامن ریلی نکالی گئی۔
ریلی امام بارگاہ محلہ حسین آباد سے شروع ہوئی جس میں تحصیل بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکائے ریلی نے سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
ریلی سے علامہ عمران سہیل، علامہ صادق تقویٰ اور مولانا شکیل حسنی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ معصوم جانوں کا ناحق قتل ناقابلِ برداشت ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کو بھرپور اقدامات کرنا ہوں گے اور مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔
ریلی کے دوران شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاکستان فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی۔


