کھیوڑہ میں محکمہ صحت کا اتائیت کے خلاف کارروائی، غیر قانونی آپٹیکل سنٹر کو سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کے ویژن کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں اتائیت اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر نے کھیوڑہ اور گردونواح میں مختلف طبی مراکز اور کاروباری اداروں کا معائنہ کیا۔
ڈاکٹر انجم قدیر نے الفلاح لیب لاہور برانچ کھیوڑہ، الشفاء دوا خانہ کھیوڑہ اور ڈنڈوت روڈ پر واقع الجمیل آپٹیکل سنٹر کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران الفلاح لیب اور الشفاء دوا خانہ میں کسی قسم کی غیر قانونی طبی سرگرمی یا ضابطوں کی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی، تاہم الجمیل آپٹیکل سنٹر میں غیر قانونی طبی پریکٹس سے متعلق شواہد برآمد ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق الجمیل آپٹیکل سنٹر پر معائنے کے دوران آپٹیکل سنٹر کی آڑ میں غیر مجاز طبی سرگرمیوں کے شواہد ملے۔ انکوائری کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ وہاں غیر قانونی طور پر آنکھوں کا علاج معالجہ کیا جا رہا تھا اور مریضوں کو عینکیں تجویز اور فراہم کی جا رہی تھیں، جبکہ اس مقصد کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے تھے۔
مزید برآں طبی پریکٹس کے لیے درکار قانونی اجازت ناموں اور پیشہ ورانہ اہلیت سے متعلق دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، جبکہ صحت عامہ کے ضوابط اور مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں بھی پائی گئیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی ہدایت پر موقع پر ہی غیر قانونی آپٹیکل سنٹر کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران شواہد اور متعلقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ بعد ازاں کیس کا چالان مرتب کر کے مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیا گیا۔
ڈاکٹر انجم قدیر نے اس موقع پر کہا کہ میڈیکل سٹورز اور آپٹیکل سنٹرز ادویات اور متعلقہ مصنوعات کی فراہمی کے لیے ہوتے ہیں، جبکہ علاج معالجہ صرف مستند، رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ طبی ماہرین کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتائیت اور غیر قانونی طبی سرگرمیاں مریضوں کی صحت اور جان کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ علاج معالجے کے لیے ہمیشہ مستند، رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ڈاکٹرز اور طبی مراکز سے رجوع کریں اور اگر کہیں غیر قانونی کلینک، اتائی یا غیر مجاز طبی سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر محکمہ صحت کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈاکٹر انجم قدیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل بھر میں اتائیت کے خاتمے اور عوام کو محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔


