جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت یونیورسٹی آف پنجاب جہلم کیمپس میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں DTO جہلم، یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ کرام اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے خطاب میں کہا کہ سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی بنیادی وجہ ٹریفک قوانین سے لاعلمی اور ان پر عمل نہ کرنا ہے۔ انہوں نے شرکا کو نئے ترمیمی ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں، بار بار خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہونے کے طریقہ کار اور روڈ سیفٹی رولز کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
ڈی پی او جہلم نے خاص طور پر ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث ہر سال سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، لہٰذا نوجوان نسل کو اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے ون ویلنگ، کم عمر ڈرائیونگ، اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے کے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہی دی۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں اس مقصد کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ٹریفک آگاہی مہم میں جہلم پولیس کی کوششوں کو سراہا اور ڈی پی او جہلم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اسی سلسلے میں ڈی پی او جہلم نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں بھی ٹریفک قوانین کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں DTO جہلم، کالج کے اساتذہ، طلبہ، ٹریفک پولیس افسران اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے شرکا کو نئے ترمیمی ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں، کم عمر ڈرائیونگ، اوور اسپیڈنگ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے لازمی استعمال سے متعلق تفصیلی آگاہی دی اور کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے کیونکہ ایک لمحے کی غفلت قیمتی جانیں ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نئے قوانین کے مطابق سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، لائسنس کی معطلی اور مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ڈی پی او نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنے خاندان و دوستوں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔
جہلم پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ضلع بھر میں کالجز و یونیورسٹیز میں لیکچرز، واکس اور بینرز کے ذریعے شہریوں میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور اور آگاہی بڑھا رہی ہے۔ کالج انتظامیہ نے بھی ٹریفک آگاہی کے لیے جہلم پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور ڈی پی او جہلم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔


