دینہ: راجہ افراسیاب خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے، پاکستان تحریک انصاف کےحکمرانوں نے عوام کو سبز باغ دکھائے تھے جھوٹ بولا تھا ملک کو مایوسیوں کی طرف دھکیلا تھا۔ اب قائدین مسلم لیگ ن نے ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھالی ہے اور وہ اسے بخوبی پورا کر رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے نائب صدر و سابق چیئرمین یونین کونسل لدھڑ راجہ افراسیاب خان نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں واضح طور پر کمی آ گئی ہے، اس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی واضح کمی کی گئی ہے۔ آنے والا وقت انشاء اللہ پاکستان کے لیے بہتر سے بہترین ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی زر مبادلہ کے زرخائر بڑھ رہے ہیں، ہر طرف ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ ایم این اے بلال اظہر کیانی دن رات محنت کر کے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بے شمار ترقیاتی کام کروا رہے ہیں۔ بلال اظہر کیانی کے والد میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی بھی جہلم کے تمام ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
راجہ افرا سیاب خان نے کہا کہ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی پورے پنجاب کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنا چاہتے ہیں۔ عرصہ دراز سے وہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہیں، وہ ایک بہترین طریقے سے ہمارے پنجاب کو صحت کی سہولت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی پاور بنایا، سی پیک دیا، موٹروے دی۔ مزید اس ملک کو دیوالیہ ہوتا ہوا دیکھ کر وہ رہ نہیں سکے اور انہوں نے تمام مخالفین سے میثاق جمہوریت طے کر کے صرف ملک کو بچانے کا سوچا، میرا قائد عظیم ہے، ہم اپنے قائد کے ہمیشہ ہراول دستہ بنیں گے اور ملک اور علاقے کی ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے نائب صدر نے کہا کہ ہم نے اپنے اقتدار میں یونین کونسل لدھڑ میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے، عوام نے اگر مزید موقع دیا تو مزید علاقے کی خدمت کریں گے۔


