سوہاوہ: جہاں ایک طرف سموگ سے پنجاب کے متعدد اضلاع متاثر ہو رہے ہیں وہی سوہاوہ کا ایک ایسا گاؤں بھی ہے جس کے وسط میں کرش پلانٹ لگا کر شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک طرف پنجاب کے متعدد اضلاع میں سموگ کی وجہ سے سرکاری ادارے بند کیے جا رہے ہیں وہیں ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی گاؤں بڑی لس کے وسط میں کرش پلانٹ لگا کر شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کیا جا رہا ہے، انتظامیہ کی خاموشی کی وجہ سے شہری سراپا احتجاج ہیں۔
کرش پلانٹ کو گاؤں کے وسط میں لگا کر صبح سے شام تک اور پھر رات میں متعدد بار چلایا جاتا ہے جس کی وجہ سے انتہائی خطرناک دھواں نکلتا ہے اور شور کی وجہ سے علاقہ مکین شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں، کرش پلانٹ سے نکلنے والے دھوئیں کی وجہ سے گاؤں کے مکین سانس گلے سمیت مختلف بیماروں کا شکار ہو رہے ہیں۔
اہل علاقہ کی جانب سے متعدد بار تحصیل اور ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن تاحال کسی نے بھی اس کا نوٹس نہ لیا۔
اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ گاؤں کے وسط میں پلانٹ لگانے کے لیے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کی گئی، کوئی بھی پلانٹ کسی صورت گاؤں میں نہیں لگ سکتا لیکن اس طرح گاؤں کے وسط میں پلانٹ انتظامیہ کی ملی بھگت کے بغیر لگانا ممکن نہیں۔ اگر اعلی احکام نے اس پر نوٹس نہ لیا تو اہل علاقہ بڑے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔