دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر دینہ اور مریم نواز ہیلتھ کلینک پنڈوری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو طبی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، ادویات کی دستیابی، طبی آلات، صفائی کے انتظامات، طبی عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات بھی کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری صحت مراکز میں ادویات کی مسلسل دستیابی، طبی عملے کی باقاعدہ حاضری، صفائی کے بہترین انتظامات اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو یکساں، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام سرکاری صحت مراکز کی کارکردگی کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے سرکاری طبی مراکز کی کارکردگی کا جائزہ لیتی رہے گی۔


