دینہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ، 43سالہ خاوند کی وفات پر بیوی خاوند کی میت دیکھ کر صدمہ برداشت نہ کر سکی اور وہ بھی دم توڑ گئی دونوں میاں بیوی کی وفات پر علاقہ میں کہرام مچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں 43 سالہ نبیل رمضان ولد محمد رمضان کو گزشتہ رات دل کی تکلیف ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ خاوند کی میت گھر پہنچی تو بیوی صدمہ برداشت نہ کر سکی اور بے ہوش ہو گئی، جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ بھی دم توڑ گئی۔
دونوں میاں بیوی کی اچانک وفات پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے اور دونوں کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحومین ایک بیٹی سوگوار چھوڑ گئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق نبیل رمضان نہایت ملنسار اور خوش اخلاق شخصیت کے مالک تھے۔


