جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے جہلم شہر اور گردو نواح میں ستھرا پنجاب کے ویژن پر عمل درآمدنہ ہو سکا، بجائے صفائی ستھرائی کے میونسپل کمیٹی کا عملہ کوڑا کرکٹ غلاظت دریائے جہلم میں پھینکنے لگا، گندگی اور تعفن سے مقامی آبادیوں کے مکینوں کا جینا مشکل ہو گیا، تعفن سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاف ستھرا پنجاب کے ویژن پر عمل درآمد ہوتا کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔ جہلم شہر اور گردو نواح میں گندگی کے ٹیلے لگے ہوئے ہیں۔
چند روز قبل حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر کو ستھرا پنجاب بنانے کے احکامات جاری کئے اس طرح پنجاب کے بعض اضلاع میں انتظامیہ نے شہروں اور قصبات سے کچرا کنڈی اٹھا کر دور دراز ویران جگہوں پر ڈمپ کرنا شروع کررکھا ہے۔
اس کے برعکس میونسپل کمیٹی جہلم ،میونسپل کمیٹی دینہ، میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی انتظامیہ نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے حکم کی تعمیل کرنے اورصفائی ستھرائی کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی بجائے گلی محلوں سے کچرا کنڈی اکٹھا کرکے گنجان آباد علاقوں میں جمع کرنا شروع کردیا ہے۔
ایم سی جہلم کی انتظامیہ نے دریائے جہلم کے وسط میں کچرا کنڈی کے ٹیلے لگا دیئے ہیں جس کیوجہ سے دریاء کنارے آباد شمالی محلہ، باغ محلہ کے مکینوں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑارہا ہے گندگی سے تعفن اٹھنے سے مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ دریاء کے وسط میں گندگی کے ٹیلوں کیوجہ سے آبی حیات کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات اور ایڈوائزر صوبائی محتسب سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹیوں جہلم، دینہ اور پنڈدادنخان کے ذمہ داران کو کچرا کنڈی ویران علاقوں میں زیر زمین دفن کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔


