جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی کی صورتحال اور ڈاکٹروں سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے علاج معالجے، مفت ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


