پنڈدادنخان: جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف کے ہزاروں مکین آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک جلالپور شریف میں ڈاکٹرز کی شدید کمی اور ادویات کی عدم دستیابی نے مقامی عوام کو سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔
مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ڈینٹل ڈاکٹر سمیت متعدد شعبہ جات میں آسامیاں طویل عرصے سے خالی پڑی ہیں۔ دور دراز علاقوں سے علاج کے لیے آنے والے مریض ڈاکٹرز کی کمی کے باعث بنیادی علاج معالجے سے بھی محروم رہ جاتے ہیں اور اکثر مریضوں کو بڑے اسپتالوں میں ریفر کر دیا جاتا ہے۔
ہیلتھ کلینک میں اس وقت صرف دو میل ڈاکٹر اور ایک لیڈی ڈاکٹر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جن میں ایک دن اور دوسرا رات کے وقت ڈیوٹی پر موجود ہوتا ہے، جبکہ شام کی شفٹ میں کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں ہوتا۔ اس صورتحال میں ایمرجنسی مریض ڈسپنسر کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں۔
شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ اسپتال میں ادویات کی شدید قلت ہے۔ اگر کبھی دوائی فراہم بھی کی جاتی ہے تو زیادہ تر مریضوں کو پرچی تھما کر باہر موجود میڈیکل اسٹورز سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لینے، ڈاکٹرز کی تعیناتی اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ جلالپور شریف کے عوام بھی صحت کی بنیادی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔


