سوہاوہ پولیس نے قمار بازی کے خلاف ایک بڑی اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے قمار بازی میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں موقع سے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی نقد رقم ایک لاکھ 49 ہزار 440 روپے، 11 عدد موبائل فونز، 5 عدد موٹر سائیکلز، ایک عدد کار، ایک عدد کیری ڈبہ اور قمار بازی میں استعمال ہونے والے دیگر آلات برآمد کر لیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیل کر قانون کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف مقدمات درج کیے گئے بلکہ ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان اور نقدی کی مجموعی مالیت تقریباً 51 لاکھ روپے بنتی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ قمار بازی ایک سنگین سماجی برائی ہے جو دیگر جرائم کو جنم دیتی ہے، اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


