جہلم میں جاری خشک سالی اور بارش نہ ہونے کی صورت حال کے پیش نظر نمازِ استسقا 8 دسمبر بروز سوموار کو صبح 10 بجے بر لبِ دریا جوبلی گھاٹ جہلم میں ادا کی جائے گی۔
اس کا اعلان جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے ایک مشاورتی اجلاس کے بعد کیا۔ حافظ عبدالحمید عامر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ موسمی حالات میں نمازِ استسقا کی ادائیگی سنتِ نبوی ﷺ کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید میں واضح کیا گیا ہے کہ انسان جن مصائب اور ابتلاؤں کا سامنا کرتا ہے وہ اکثر ان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں جہاں لوگ مختلف مسائل سے دوچار ہیں، وہاں بارش نہ ہونے اور مسلسل خشک سالی کے باعث بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں، جو عذابِ الٰہی کی ایک صورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں پوری قوم کے لیے ضروری ہے کہ اجتماعی توبہ و استغفار کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر رحم طلب کیا جائے۔ اسی مقصد کے تحت باہمی مشاورت سے 8 دسمبر کو نمازِ استسقا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، شہر بھر میں اس حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے اور مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے شہریوں کو نمازِ استسقا میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔


