دی ہیگ: خلیفہ اوّل سیدنا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ یار غار کی یاد میں محفل کا انعقاد جامع مسجد طیبہ ایمسٹرڈیم میں کیا گیا۔
محفل کاآغاز تلاوت قران پاک سے حافظ نعیم نورانی نے کیا۔ نعت رسول مقبولﷺحاجی محمد امین بٹ کشمیری ،حاجی حنیف روجن نے پیش کی۔ محفل کی نظامت فراز احمد نے کی ۔
مولانا انس نورانی صدیقی، مفتی اعظم ہالینڈ،مولانا شفیق الرحمٰن امام و خطیب جامعہ مسجد طیبہ، مولانا عبدالغفار بچن، مولانا سراج بچن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کیلئے حضرت ابوبکر صدیقؓ کی قربانیاں لازوال ہیں ، آپ نے اپنے مال و جان کے ساتھ اسلام کی خدمت کی اور ہر موقع پر جب بھی کوئی مشکل پیش ائی تو دین اسلام کی خدمت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
مولانا شفیق الرحمٰن نے کہا کہ حضور نبی کریمﷺ نے اپنی زندگی میں حضرت ابوبکر صدیقؓ کو مصلہ امامت پر کھڑا کیا اور حضور نبی کریمﷺ کے وصال کے بعد اہل ایمان نے انہیں اپنا خلیفہ مقرر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریمﷺ کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے سب سے پہلے اسلام قبول کیا اور واقعہ معراج کی تصدیق کی ۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے حضور نبی کریمﷺ سے وفا کی ایسی مثال قائم کی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔
محفل کےآخر میں نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا اور مولانا انس نورانی صدیقی نے امت مسلمہ ،فلسطین کے مسلمانوں کیلئے دعا کی ۔


