دبئی: ایمریٹس ایئرلائن نے اس موسم گرما میں دبئی آنے والے مسافروں کے لیے فائیو سٹار ہوٹل میں مفت قیام کا اعلان کردیا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے مسافر جو فرسٹ یا بزنس کلاس ریٹرن ٹکٹ خریدتے ہیں وہ جے ڈبلیو میریٹ مارکوئس ہوٹل دبئی میں دو رات کے قیام کا لطف اٹھائیں گے، پریمیم اکانومی یا اکانومی میں بک کروانے والے ایک رات کے قیام سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
یہ پیشکش یکم سے 21 جولائی تک خریدے گئے ٹکٹوں پر پر ملے گی، اس آفر سے 4 جولائی سے 15 ستمبر کے درمیان سفر کرنے والے صارفین مستفید ہوسکیں گے، یہ پیشکش دبئی میں 24 گھنٹوں سے زیادہ رکنے اور تمام ریٹرن ٹکٹوں کے لیے ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ پیشکش ایئر لائن کی ویب سائٹ، ایپ، ٹکٹنگ دفاتر یا پارٹنر ٹریول ایجنٹس کے ذریعے مسافر کی آمد سے کم از کم 96 گھنٹے پہلے کی گئی بکنگ پر دستیاب ہے، ٹکٹ جاری ہونے کے بعد مسافروں کو اپنے قیام کی تصدیق کے لیے اپنی ضروری تفصیلات کے ہمراہ کمپنی کو ای میل کرنی ہوگی، اگر مقررہ ہوٹل دستیاب نہ ہوئے تو ایئر لائن اسی درجہ بندی والے کسی اور ہوٹل میں کمرہ بک کرے گی۔
ایمریٹس ایئر لائن کے نائب صدر اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے کہا کہ ” شہر کے سالانہ تفریحی اور شاپنگ فیسٹیول کے ساتھ دبئی سمر سرپرائزز جاری ہیں، اس دوران خریداروں اور سیاحوں کو سرگرمیوں اور پرکشش مقامات کا ایک نہ ختم ہونے والا تجربہ ملے گا، ایک اضافی ترغیب کے طور پر ایمریٹس دبئی آنے اور جانے والے صارفین کے لیے مفت ہوٹل میں قیام فراہم کر رہا ہے، جو مسافروں کو ہمارے آبائی شہر آنے کی ایک اور وجہ فراہم کر رہا ہے”۔


