جہلم: ایس ایچ او تھانہ صدر جہلم صداقت علی مرزا نے اثریہ بوائز سکول اینڈ کالج جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جماعت نہم کے طلباء سے ’’فرینڈلی پولیس ڈیلنگ‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی اور انہیں پولیس کے کردار، عوامی خدمت اور قانون کی پاسداری کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر ایس ایچ او صداقت علی مرزا نے طلباء کو پولیس اور عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام، قانون کی پاسداری اور عوامی خدمت کی اہمیت سے روشناس کرایا۔ انہوں نے نوجوانوں کو معاشرے میں قانون کے احترام اور ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔
ایس ایچ او نے سکول کے اساتذہ اور طلباء کو پولیس اسٹیشن کے خصوصی مطالعاتی دورے کی دعوت بھی دی۔ اس دورے کے دوران طلباء کو پولیس کے نظامِ کار، عوامی خدمت اور فرینڈلی پولیسنگ کے عملی پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
اس مطالعاتی دورے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں قانون کے احترام، شہری ذمہ داریوں اور پولیس کے مثبت کردار کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے، تاکہ طلباء پولیس کے فرائض اور عوامی خدمت کے طریقہ کار کو قریب سے سمجھ سکیں۔


